گوجرہ : نواحی علاقے چک نمبر 296 ج ب جفاپور میں واپڈا کی مبینہ غفلت اور بجلی کے غیر متوازن نظام نے علاقہ مکینوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا۔ کم وولٹیج اور اچانک زیادہ وولٹیج کے باعث نہ صرف شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں بلکہ متعدد گھروں کے برقی میٹروں میں آگ لگنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کی ترسیل کے نظام میں خرابی، بوسیدہ لائنوں اور میٹروں کے مسائل کے باعث وولٹیج کا توازن بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی اور اچانک وولٹیج بڑھنے سے گھریلو برقی آلات بھی خراب ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں لوگوں کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔
مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ متعدد بار متعلقہ واپڈا حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود تاحال کوئی فیلڈ ٹیم موقع پر نہیں پہنچی، جس کے باعث مسئلہ روز بروز سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی لائنوں، ٹرانسفارمرز اور میٹروں کا ہنگامی بنیادوں پر مکمل معائنہ کیا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے اور مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
