شہر گوجرہ اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ سابق ڈسٹرکٹ چیئرپرسن ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ، محترمہ فوزیہ خالد وڑائچ، جلد آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہونے والی ورلڈ اربن میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
محترمہ فوزیہ خالد وڑائچ کی اس بین الاقوامی سطح پر شرکت کو نہ صرف گوجرہ بلکہ پورے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اہم عالمی اجلاس میں مختلف ممالک سے نمائندگان شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر، پائیدار شہروں اور بلدیاتی نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق، فوزیہ خالد وڑائچ اس فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شہری ترقی اور مقامی حکومتوں سے متعلق اہم نکات اجاگر کریں گی، جبکہ عالمی سطح پر تجربات اور خیالات کے تبادلے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گی۔
