گوجرہ : ریلوے روڈ اور مونگی روڈ پر میونسپل کمیٹی کی جانب سے تہہ بازاری واجبات کی عدم ادائیگی پر بعض دوکانوں کو سیل کر دیا گیا، جس کے خلاف قریبی دوکانداروں نے احتجاجاً اپنی دوکانیں بند کر دیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ میونسپل کمیٹی کی کارروائی مبینہ طور پر بعض افراد کی ملی بھگت سے یکطرفہ انداز میں کی گئی ہے، جسے وہ تاجروں کا "معاشی قتل" قرار دیتے ہیں۔ دوکانداروں نے مطالبہ کیا کہ اگر کارروائی کی جائے تو بلاامتیاز اور شفاف طریقے سے کی جائے۔
دوسری جانب میونسپل کمیٹی ذرائع کا مؤقف ہے کہ واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر قانون کے مطابق دوکانیں سیل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی کسی مخصوص فرد یا گروہ کے خلاف نہیں بلکہ قواعد و ضوابط کے تحت کی جا رہی ہے، جبکہ بلا تفریق آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔
