ٹوبہ ٹیک سنگھ : معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اسپورٹس اسٹیڈیم میں جشنِ فتح کی پروقار تقریبات کا انعقاد جاری ہے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد قومی جذبے کے ساتھ شریک ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہیں۔
تقریب کا آغاز قومی نغموں، شاندار آتش بازی اور میوزک کنسرٹ سے کیا گیا، جبکہ رنگ برنگی روشنیوں اور دلکش فائر ورکس نے آسمان کو جگمگا دیا۔ اس موقع پر شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
منتظمین کے مطابق تقریب میں سوال بینڈ اور ظہور احمد لوہار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ اسپورٹس اسٹیڈیم کو قومی پرچموں، روشنیوں اور جشنِ فتح کے بینرز سے خصوصی طور پر سجا دیا گیا ہے۔
تقریب میں شریک شہریوں نے پاک افواج کی قربانیوں اور تاریخی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قومی مواقع اتحاد، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ آتش بازی کے حسین مناظر اور موسیقی سے بھرپور ماحول نے جشن کو مزید یادگار بنا دیا۔


