گوجرہ: انجمن صرافہ ایسوسی ایشن گوجرہ کے انتخابات چیئرمین الیکشن کمیشن رانا عابد ظہور کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جن میں اتحاد گروپ نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انتخابات کے نتیجے میں حاجی محمد اشرف (المحسن جیولرز) دوسری مرتبہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔
انتخابی نتائج کے مطابق محمد طارق افضل جنرل سیکرٹری، فرخ اسلم سینئر نائب صدر، محمد عابد عرف پپو نائب صدر، محمد طاہر ٹونی جوائنٹ سیکرٹری، رانا محمد عمر حیات فنانس سیکرٹری جبکہ محمد افتخار بلا مقابلہ نشر و اشاعت سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
اس موقع پر نومنتخب عہدیداران نے انجمن صرافہ ایسوسی ایشن گوجرہ کے تاجروں کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صرافہ برادری کے مسائل کے حل، باہمی اتحاد کے فروغ اور کاروباری بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں صرافہ برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
