گوجرہ: ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے گوجرہ میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ویڈیو بنانے پر ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ٹریفک انسپکٹر سعید الحسن ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار محمد عمر فاروق کو روک کر چیکنگ کی گئی۔ الزام ہے کہ شہری نے دورانِ کارروائی مبینہ طور پر کارِ سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے موبائل فون سے ویڈیو بنانا شروع کر دی۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد موٹر سائیکل کو تحویل میں لے کر تھانہ سٹی گوجرہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ بعد ازاں شہری کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مقدمے کے اندراج کے بعد شہری کے مؤقف سے متعلق تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
