گوجرہ : دھمہ بنگلہ کینال (جھنگ برانچ) پر نہاتے ہوئے ڈوبنے والے 20 سالہ نوجوان ابو بکر کی لاش طویل سرچ آپریشن کے بعد برآمد کر لی گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق نوجوان نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں چلا گیا، جس کے بعد فوری طور پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام نے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ قائم کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
نہر کی چوڑائی تقریباً 20 فٹ، گہرائی 10 فٹ اور پانی کا بہاؤ 689 کیوسک ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آپریشن کے دوران لائن سرچ، اسکوبا ڈائیونگ، بوٹ سرچ اور CERT کے ذریعے جدید سرویلنس ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔
اس ریسکیو آپریشن میں 20 اہلکاروں اور 10 رضاکاروں نے حصہ لیا۔ رات کے اندھیرے کے باعث کچھ وقت کے لیے سرچ آپریشن روک دیا گیا، تاہم 6 مئی کی صبح دوبارہ بھرپور انداز میں تلاش کا عمل شروع کیا گیا، جس میں مقامی غوطہ خوروں اور یو سی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔
ریسکیو ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوان کی لاش جائے وقوعہ سے تقریباً 5 کلومیٹر دور سے برآمد کر کے ورثاء کے حوالے کر دی۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔
