پیرمحل: اروتی بائی پاس روڈ 755 گ ب شہزاد چوک نزد کاشف پیٹرولیم کے قریب سے 4 سالہ کمسن بچہ مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے اور مبینہ اغوا کاروں کی تلاش شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے بچے کی شناخت عباد ولد وقاص قوم مئیو کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کمسن بچہ گھر کے قریب سڑک پر کھیل رہا تھا کہ اسی دوران دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار اسے اپنے ساتھ لے گئے۔
اہل خانہ کے مطابق اغوا کے وقت بچے نے کلیجی رنگ کی پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مختلف علاقوں میں تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ اطراف کے علاقوں میں ناکہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور بچے کی جلد بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بچے کے بارے میں کوئی اطلاع ملنے پر فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔
