ٹوبہ ٹیک سنگھ: تھانہ رجانہ کی حدود میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایم پی اے کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی زخمی ہوگئے، جبکہ ان کے چار ساتھی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ رجانہ کی حدود میں ایم پی اے کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایم پی اے زخمی ہوگئے جبکہ ان کے چار ساتھی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی ایم پی اے کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
