ٹوبہ ٹیک سنگھ: کھیکھا روڈ پر چک نمبر 347 گ ب کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں مریضوں کو لے جانے والی ایمبولنس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مریض لے کر پیر محل جانے والی ایک پرائیویٹ ایمبولنس میں دورانِ سفر آگ لگ گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے باعث 45 سالہ شاہ بی زوجہ اسلم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ حادثے میں 44 سالہ سرفراز ولد سکندر حیات 10 فیصد، 55 سالہ بخت بی زوجہ جلال دین 20 فیصد اور 75 سالہ ملاح بی زوجہ سکندر حیات 30 فیصد جھلس کر زخمی ہوئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا، جہاں انہیں مزید علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
حادثے کے بعد ایمبولنس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور مزید جانی نقصان کو روک دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق کوٹ کرم شاہ سندیلیانوالی سے ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

