کمالیہ ، ناقص جوس بنانے والا پلانٹ بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

 

Kamalia, substandard juice manufacturing plant exposed, 2 accused arrested

کمالیہ : علاقے رضا آباد میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ناقص اور جعلی جوس تیار کرنے والے پلانٹ کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی  پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل  سید موسیٰ رضا  کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جس کے لیے طویل عرصے تک ریکی کی گئی تھی۔

چھاپے کے دوران مختلف پیکنگ میں بڑی مقدار میں ناقص جوس برآمد کیا گیا، جس میں 250 ملی لیٹر کی بوتلوں میں 191 لیٹر، 500 ملی لیٹر میں 143 لیٹر اور ایک لیٹر کی پیکنگ میں 195 لیٹر جوس شامل ہے۔ اس کے علاوہ 20 ہزار ڈھکن، 168 لیٹر پلپ، 5 ہزار 860 بوتلیں اور جعلی لیبل بھی ضبط کیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس خوراک کا کاروبار کر رہے تھے اور جوس کی تیاری میں استعمال شدہ بوتلیں، ڈھکن اور جعلی لیبل استعمال کیے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران جوس بنانے والی ایک مشین اور دو ٹب بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

مزید جانچ کے لیے جوس کے تین نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے لیے مقررہ قوانین پر عمل کرنا لازمی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

اشتہار