ٹوبہ ٹیک سنگھ : نواحی علاقے 297 گ ب اضافی آبادی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ نوجوان تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق ریسکیو1122 کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک نوجوان نہاتے ہوئے اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ڈوبنے والے نوجوان کی شناخت غلام مصطفیٰ ولد محمد اشفاق کے نام سے ہوئی، جس کی عمر 19 سال بتائی گئی ہے۔ متوفی چک نمبر 346 گ ب ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کی تلاش کے لیے فوری واٹر ریسکیو آپریشن کیا گیا جس میں لائف رنگ، لائف بوائے، اسکوبا سرچ اور مقامی CERT ٹیموں کے ذریعے سرویلنس کی گئی۔ سرچ آپریشن میں 10 ریسکیو اہلکار، ریسکیو ڈائیورز اور 5 مقامی غوطہ خوروں نے حصہ لیا۔
ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکوبا کے ذریعے نوجوان کی لاش کو پانی سے نکال لیا۔ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی جبکہ بعد ازاں اسے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نہروں، تالابوں اور گہرے پانی میں نہاتے وقت انتہائی احتیاط کریں اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

