کمالیہ: ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کے جنگلاتی علاقے چک نمبر 741 گ ب اور 728 گ ب میں نامعلوم وجوہات کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے تیز ہواؤں کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ نے فاریسٹ ایریا کے بلاک نمبر 4 اور بیٹ نمبر 5-L کو شدید متاثر کیا، جس کے نتیجے میں اب تک 150 ایکڑ سے زائد جنگلاتی رقبہ جل چکا ہے۔ آگ کی شدت کے باعث قیمتی درختوں اور جنگلی حیات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ فائر فائٹرز مسلسل آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر فائر لائنز بھی قائم کر رہے ہیں تاکہ شعلوں کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تین مختلف مقامات سے آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے میونسپل کمیٹی کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے اضافی فائر وہیکلز بھی موقع پر پہنچا دی گئی ہیں۔
فاریسٹ آفیسر کے مطابق متاثرہ رقبے کا تخمینہ 150 ایکڑ سے تجاوز کر چکا ہے، تاہم آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ ادارے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
