گوجرہ: عوامی ریلیف کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ ریاض گجر نے شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا اور پٹرول کی نئی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے پمپس پر فروخت کے عمل کو چیک کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر ہی پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران مختلف پیٹرول پمپس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا جبکہ انتظامیہ نے ریکارڈ بھی چیک کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریاض گجر نے واضح ہدایت کی کہ مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ زائد قیمت وصول کرنے یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
