گوجرہ: پنجاب حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت صوبہ بھر میں کاروباری اوقات کار محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت دکانیں اور مارکیٹس رات 8 بجے بند کی جائیں گی۔
حکومتی احکامات کے مطابق شاپنگ مالز بھی ہفتے کے ساتوں دن رات 8 بجے بند کرنے کے پابند ہوں گے، تاہم میڈیکل اسٹورز، ہسپتال، پٹرول پمپس اور بیکریز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔
مزید برآں، شادی ہالز اور دیگر تقریبات کو بھی رات 10 بجے تک ختم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، اور یہ پابندی گھروں اور فارم ہاؤسز میں ہونے والی تقریبات پر بھی لاگو ہوگی۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ کفایت شعاری اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

