گوجرہ: سی سی ڈی پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران سنگین وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت زوہیب عرف زہبی کہمار ولد ارشاد قوم رحمانی کے نام سے ہوئی ہے، جو مختلف سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ واقعہ چک نمبر 99 ج ب کے قریب پیش آیا جہاں ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ دیگر دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے پہلے بھی کوششیں کی جا رہی تھیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
