گوجرہ: نواحی علاقے گنڈا سنگھ بائی پاس کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ہائی وولٹیج بجلی کے کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا، جب وقار مجید نامی شخص فون کال سننے کے لیے چھت پر گیا۔ اس دوران وہ اچانک 11 کے وی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
بعد ازاں محمد رضوان، جو اسے تلاش کرنے کے لیے چھت پر گیا، وہ بھی انہی بجلی کی تاروں کی زد میں آ گیا اور نیچے گر کر شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر اسے طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال گوجرہ منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد رضوان ولد محمد سرور (عمر 45 سال) اور وقار مجید ولد عبدالمجید (عمر 35 سال) کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل علاقہ نے بجلی کی خطرناک تاروں کے خلاف متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
