گوجرہ :علاقے ریلوے روڈ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر گیس ریفلنگ کے دوران سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک دکان پر غیر قانونی طور پر گیس ریفلنگ کی جا رہی تھی۔ اچانک زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قریبی دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور متعلقہ حکام نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق غیر قانونی گیس ریفلنگ اس حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دی جا رہی ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی گیس ریفلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
