ٹوبہ ٹیک سنگھ: ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم میں تیزی لاتے ہوئے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق شہر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی موجودگی کے پیش نظر خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود آوارہ کتوں کی فوری اطلاع فراہم کریں۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے واٹس ایپ نمبر 0306-1050001 جاری کیا ہے، جہاں شہری اپنے علاقے کا نام اور مکمل پتہ ارسال کر کے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
ضلعی حکام نے والدین کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کمسن بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور انہیں اکیلے باہر نہ جانے دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے افراد جو گھروں میں کتے پالتے ہیں، انہیں تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے پالتو کتوں کو باندھ کر رکھیں اور انہیں عوامی مقامات پر کھلا نہ چھوڑیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر اس مہم کو کامیاب بنانا ممکن نہیں، اس لیے ہر فرد ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایک محفوظ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
