ٹوبہ ٹیک سنگھ :مضر صحت گوشت برآمد، متعدد یونٹس کو جرمانے اور بندش
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بائی پاس چوک پر کارروائی کے دوران NE-787 نمبری گاڑی سے 290 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ حکام نے جعلسازی کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
مزید برآں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں 16 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی، جن میں سے 15 کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 72 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مصالحہ جات کا سیمپل فیل ہونے پر ایک سپائسز یونٹ کو اصلاح تک بند کر دیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران 256 کلو ناقص گھی، ایک من سے زائد ایکسپائر اشیاء، غیر معیاری پانی اور مصالحہ جات بھی تلف کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

