ٹوبہ ٹیک سنگھ : فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ صدر ٹوبہ کے علاقے چک 302 ج ب نور پور میں پیش آیا، جہاں سابقہ رنجش کی بنا پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم عمیر نواز قوم آرائیں، سکنہ 302 ج ب، نے سکول گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کر کے نعمان جٹ کو قتل کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل ٹوبہ اور ایس ایچ او تھانہ صدر موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ موبائل فرانزک کرائم سین یونٹ بھی جائے وقوعہ سے اہم شواہد حاصل کرنے میں مصروف ہے۔
ڈی پی او ٹوبہ اخلاق اللہ تارڑ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔

