گوجرہ : نواحی علاقے چک 98 ج ب میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں اغوا کے بعد 60 سالہ شخص کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت منشاء گجر کے نام سے ہوئی ہے، جو چند روز قبل لاپتہ ہو گئے تھے۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے مقتول کی لاش کی نشاندہی کی، جس پر پولیس نے کھیتوں سے لاش برآمد کر لی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے مقتول کو سر میں گولی مار کر قتل کیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ مقتول اور ملزمان ایک ہی گاؤں کے رہائشی ہیں، جس سے واقعے کے پس منظر میں ذاتی دشمنی یا دیگر محرکات کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ قتل کے اصل محرکات سامنے لائے جا سکیں۔
جبکہ ڈی پی او نے نوٹس لیا اور ڈی ایس پی گوجرہ نے خود وقوع پر پہنچ کرملزمان کی گرفتاری اور مکمل تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

