ٹوبہ ٹیک سنگھ، آوارہ کتے کے حملے میں 5 سالہ بچہ جاں بحق

 

Toba Tek Singh, 5-year-old child dies in stray dog ​​attack

ٹوبہ ٹیک سنگھ:  چٹیانہ چک نمبر 331 گ ب نور پور میں آوارہ کتے کے حملے کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔


پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ چٹیانہ کی حدود میں پیش آیا جہاں مدثر نامی 5 سالہ بچہ اپنے والد کے ہمراہ گھر کے قریب گندم کی کٹائی کے دوران موجود تھا۔ بچے کو درخت کے سائے تلے بٹھایا گیا تھا کہ اسی دوران ایک آوارہ کتے نے اس پر اچانک حملہ کر دیا اور اسے گردن سے کاٹ لیا۔


زخمی بچے کو فوری طور پر اہل خانہ اپنی مدد آپ کے تحت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔


اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ چٹیانہ موقع پر پہنچ گئے اور ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔


واقعے کے بعد اہل علاقہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

اشتہار