گوجرہ: ماحولیاتی بہتری اور سرسبز و شاداب گوجرہ کے ویژن کے تحت اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر اور ہاؤس اسکول سسٹم(کیمپس گوجرہ) کے درمیان شجرکاری مہم کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر، پرنسپل ہاؤس اسکول سسٹم(کیمپس گوجرہ) ، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف ماحول کو صاف رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند فضا کی ضمانت بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کا کردار نئی نسل میں ماحول دوستی کا شعور بیدار کرنے میں انتہائی اہم ہے، اور ایسے اقدامات طلبہ میں ذمہ داری اور شعور پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت سکول انتظامیہ پودوں کی فراہمی یقینی بنائے گی جبکہ تحصیل انتظامیہ پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ادا کرے گی۔ اس اقدام سے گوجرہ میں سرسبز ماحول کے فروغ اور ماحولیاتی بہتری میں نمایاں پیش رفت متوقع ہے۔
×
