کمالیہ: ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی کے ہمراہ کمالیہ کا دورہ کیا اور مختلف انتظامی و ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورانِ وزٹ ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ کو فعال بنانے کے حوالے سے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بس اسٹینڈ کو جلد فعال کیا جائے تاکہ مسافروں کو بہتر اور منظم سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محسن عباس بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے چک نمبر 724 گ ب میں زیر تعمیر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا جہاں متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہر میں سیوریج کے مسائل کے حل اور ماحول کی بہتری میں مدد مل سکے۔
مزید برآں ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے جناح پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی دورہ کیا اور پارک میں تعمیر و بہتری کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے پیش رفت کے بارے میں بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے۔
بعد ازاں انہوں نے ذیشان کالونی میں زیر تعمیر کرکٹ ایرینا کا بھی معائنہ کیا اور کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات میسر آ سکیں۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
