گوجرہ :اسسٹنٹ کمشنر نے شہری شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 158 گ ب میں واقع گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیرا فورس کے ہمراہ سکول کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے سکول کے پلے گراؤنڈ کی خستہ حالی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (ڈی او ایجوکیشن) اور سکول کے ہیڈماسٹر کو واضح احکامات دیے کہ پلے گراؤنڈ کو ازسرِنو تیار کیا جائے تاکہ طلبہ کو کھیل کود کے لیے بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کام کو جلد از جلد مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
مقامی شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے طلبہ کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور تعلیمی ماحول مزید بہتر ہوگا۔
