گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے پیٹرول کی ممکنہ قلت کے پیش نظر شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا اور پیٹرول کی دستیابی اور فروخت کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے پیٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری سے مکمل گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حکومت کی جانب سے مقررہ نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محمد ریاض گجر نے متعلقہ عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر پیٹرول ذخیرہ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
