گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے 21 رمضان المبارک، یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے امن کمیٹی گوجرہ اور لائسنس ہولڈرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ڈی ایس پی گوجرہ، امن کمیٹی کے ممبران اور مختلف جلوسوں و مجالس کے لائسنس ہولڈرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر 21 رمضان المبارک کے جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام لائسنس ہولڈرز اور امن کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ مذہبی تقریبات پرامن اور خوشگوار ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
ڈی ایس پی گوجرہ نے شرکاء کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوس کے روٹس اور اہم مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
اجلاس میں موجود امن کمیٹی کے اراکین اور لائسنس ہولڈرز نے انتظامیہ اور پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوجرہ میں 21 رمضان المبارک کے تمام مذہبی پروگرام پرامن انداز میں منعقد کیے جائیں گے۔
