گوجرہ نواحی علاقے چک 158 کھکھاں میں واقع بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) میں ایک ہی روز میں تین اموات کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک زچہ اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے بی ایچ یو منتقل کیا گیا تھا جہاں دورانِ زچگی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ صورتحال بگڑنے پر خاتون اور دو بچوں کو نہ بچایا جا سکا۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں نے طبی سہولیات کی کمی اور عملے کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں قائم بنیادی مراکز صحت میں ضروری سہولیات، ماہر ڈاکٹروں اور ہنگامی طبی آلات کی عدم دستیابی کے باعث ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
