گوجرہ ، 12 سے 15 مارچ تک جشنِ بہاراں، جناح پارک میں تاریخی نمائش ہوگی

 

Gojra, Jashn-e-Baharan to be held from March 12 to 15, historical exhibition at Jinnah Park

گوجرہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو صحت مند ثقافتی اور تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تحصیل گوجرہ میں موسمِ بہار کی آمد کے موقع پر “جشنِ بہاراں” کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو 12 مارچ سے 15 مارچ تک جاری رہے گا۔


ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس کی سربراہی میں منعقد ہونے والے اس چار روزہ جشن کا باقاعدہ افتتاح 12 مارچ کو گوجرہ کے جناح پارک میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تاریخ کی سب سے بڑی پھولوں کی نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس میں مختلف اقسام کے خوبصورت اور نایاب پھول شہریوں کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔


سی ای او میونسپل کمیٹی گوجرہ سید یاسر علی کے مطابق جشنِ بہاراں کے دوران جناح پارک میں مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف معلوماتی اور ثقافتی اسٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بچوں اور خواتین کے لیے بھی مناسب اور باوقار پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ تمام شہری تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔


انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ یہ تقریبات ماہِ رمضان المبارک کے دوران منعقد ہو رہی ہیں، اس لیے تمام پروگراموں کو سادہ، مہذب اور مذہبی اقدار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماہِ مقدس کے تقدس کا بھی مکمل خیال رکھا جا سکے۔


سی ای او میونسپل کمیٹی نے شہریوں کو دعوت دی کہ وہ جشنِ بہاراں اور پھولوں کی نمائش میں شرکت کر کے مثبت اور خوبصورت سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوں۔

اشتہار