گوجرہ، اسسٹنٹ کمشنر کا سراج ٹاؤن اور بیس لائن روڈ منصوبے کا دورہ

 

Gojra, Assistant Commissioner visits Siraj Town and Baseline Road project

گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے سراج ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں شہریوں کی جانب سے سیوریج کے مسئلے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ دورے کے دوران انہوں نے نکاسیٔ آب کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو فوری طور پر مسئلہ حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔


اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کی ہدایات پر موقع پر ہی سیوریج کا مسئلہ حل کر دیا گیا جس پر اہلِ علاقہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔


بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے بیس لائن روڈ کے جاری تعمیراتی منصوبے کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکمے کے افسران اور ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کام کے معیار، استعمال ہونے والے میٹریل اور رفتار کا تفصیلی معائنہ کیا۔


اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، لہٰذا تعمیراتی کام میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے تاکہ اسے کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔

اشتہار