گوجرہ سے فیصل آباد ہ تک جانے والی موٹروے اس وقت انتہائی مخدوش حالت کا شکار ہے، جہاں متعدد مقامات پر سڑک ٹوٹ پھوٹ کا منظر پیش کر رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پورا راستہ ہی خراب ہو چکا ہے، جس کے باعث سفر نہ صرف دشوار بلکہ خطرناک بھی بنتا جا رہا ہے۔
سفر کرنے والے مسافروں کے مطابق موٹروے کی خراب حالت حادثات کا باعث بن سکتی ہے، جبکہ آئے روز بڑھتے ہوئے ٹول ٹیکس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹول پلازہ فیس میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، مگر اس کے برعکس سڑک کی حالت بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔
متاثرہ افراد کے مطابق تصاویر میں شاید سڑک کی اصل صورتحال کا مکمل اندازہ نہ ہو سکے، تاہم فیصل آباد سے گوجرہ تک روزانہ سفر کرنے والے شہری اس خراب حالت سے بخوبی واقف ہیں اور آئے دن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد تا گوجرہ موٹروے کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے اور عوام کو محفوظ سفری سہولت فراہم ہو۔

