کمشنر فیصل آباد کاگوجرہ کے مختلف مقامات کا دورہ، صفائی و فائر سیفٹی سمیت انتظامات کا جائزہ

Commissioner Faisalabad visits various places in Gojra, reviews arrangements including cleanliness and fire safety

 گوجرہ : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کے مختلف سرکاری و عوامی مقامات پر انتظامی امور، صفائی ستھرائی، صحت اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔


کمشنر فیصل آباد نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ کا دورہ کیا جہاں صفائی کی ابتر صورتحال اور گندی بیڈ شیٹس کی موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے غفلت کے مرتکب پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایت جاری کی۔

Commissioner Faisalabad visits various places in Gojra, reviews arrangements including cleanliness and fire safety


اس کے بعد کمشنر فیصل آباد نے میونسپل کمیٹی آفس گوجرہ میں اجلاس کی صدارت کی، جس میں شہر کے صفائی، سیوریج، تجاوزات اور دیگر بلدیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


راجہ جہانگیر انور نے شاپنگ مال گوجرہ کا بھی دورہ کیا جہاں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے انتظامات ناگزیر ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔


کمشنر فیصل آباد نے جناح پارک گوجرہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود تفریحی سہولیات کا معائنہ کیا اور شہریوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے پارک کی خوبصورتی اور صفائی کو برقرار رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔


دورے کے اختتام پر کمشنر فیصل آباد نے گوجرہ جھنگ روڈ پر سیوریج زدہ تالاب کو ڈی واٹر کرنے کے عمل کی نگرانی کی اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی اور صحت کے مسائل سے بچایا جا سکے۔


کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی سہولیات کی بہتری اور انتظامی امور کی شفاف نگرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اشتہار