گوجرہ: گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے فرسٹ ائیر کے طلبہ نے سیکنڈ ائیر میں داخلہ نہ ہونے پر کالج انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تعلیمی سیشن مکمل ہونے کے باوجود ان کے داخلے سیکنڈ ائیر میں تاحال بھجوائے نہیں گئے جس کی وجہ سے طلبہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
احتجاجی طلبہ نے کالج کے احاطے میں نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ان کے داخلے فوری طور پر سیکنڈ ائیر میں منتقل کیے جائیں تاکہ ان کا تعلیمی مستقبل متاثر نہ ہو۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ داخلہ نہ ہونے کے باعث انہیں امتحانی تیاری اور تعلیمی امور میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بارہا کالج انتظامیہ سے رابطہ کرنے کے باوجود مسئلے کا کوئی واضح حل سامنے نہیں آیا، جس پر وہ سراپہ احتجاج بن گئے۔ طلبہ نے اعلیٰ حکام سے بھی نوٹس لینے اور فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔
