گوجرہ : (17 فروری 2026) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی صحت کے وژن کے تحت ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، میڈیکل، سرجیکل اور چلڈرن وارڈز کا جائزہ لیا، مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی بات چیت کی اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران ہسپتال فارمیسی میں ادویات کے اسٹاک کی جانچ کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت جاری کی کہ ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے صفائی کے نظام کا بغور جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ مریضوں کے لواحقین کے لیے بیٹھنے کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا اور سہولیات مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو معیاری و محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
