گوجرہ، پنجابی ثقافت کا جشن، گورنمنٹ گرلز کالج میں شاندار تقریب

Punjabi Culture Day celebrated with traditional fervor at Government Graduate College for Women, Gojra

 گوجرہ : گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین گوجرہ میں پنجابی ثقافت کا دن نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منایا گیا۔ تقریب کا مقصد طالبات میں ثقافتی شعور اجاگر کرنا اور اپنی تہذیبی شناخت پر فخر کا احساس بیدار کرنا تھا۔


اس موقع پر پرنسپل محترمہ طلعت یاسمین، وائس پرنسپل محترمہ مس شازیہ اسامہ، اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ مس شازیہ بانو اور مس ذوالقاعدہ نے خصوصی شرکت کی۔ اساتذہ کرام نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور خود بھی پنجابی لوک گیت گا کر تقریب کو چار چاند لگا دیے، جس سے پنجابی ثقافت کی خوبصورتی اور روایتی رنگ نمایاں ہوئے۔


تقریب کے دوران طالبات نے پنجابی ثقافت سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ رنگا رنگ لباس، لوک گیت، تقاریر اور دیگر تخلیقی پروگرامز نے محفل کو یادگار بنا دیا۔ طالبات کے جوش و جذبے نے اس دن کو ایک یادگار ثقافتی تقریب میں بدل دیا۔


اس شاندار تقریب کے انعقاد میں مس ندا اشتیاق (انچارج شعبہ پنجابی) کی خصوصی کاوشیں قابلِ تحسین رہیں۔ ان کی محنت، دلچسپی اور بہترین منصوبہ بندی نے پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ پروفیسر محترمہ مس فرحت حنیف کی بھرپور معاونت نے تقریب کو مزید منظم اور مؤثر بنایا۔


تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجابی ثقافت ہماری پہچان ہے اور اس کی ترویج کے ذریعے اپنی روایات اور اقدار کو آئندہ نسلوں تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔

اشتہار