گوجرہ : نواحی گاؤں 162 گ ب میں مبینہ طور پر بھکاریوں کے روپ میں آنے والے افراد نے چار کمسن بچوں کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مشتبہ افراد بچوں کو ساتھ لے جا رہے تھے کہ اہلِ علاقہ کو شک گزرا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ان کا تعاقب کیا جس پر ملزمان بچوں کو قریبی کھیتوں میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ خوش قسمتی سے تمام بچے بحفاظت مل گئے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں گشت بڑھایا جائے اور اجنبی افراد کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
