گوجرہ ، اسلام پورہ میں جانور باندھ کر راستہ بند، نمازیوں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا

 

Gojra, Islampura road blocked by animals, worshippers and students face difficulties

گوجرہ: فیس بک پیج گوجرہ اپڈیٹ  کی رپورٹ کے مطابق گوجرہ کے علاقہ اسلام پورہ، سمندری روڈ پر گلی نمبر 1 اور 2 کے درمیان قائم بازار میں مبینہ تجاوزات کے باعث مسجد اور اسکول جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


رپورٹ کے مطابق بعض افراد نے مسجد اور بچوں کے اسکول کے مرکزی راستے میں جانور باندھ رکھے ہیں جبکہ گوبر کے ڈھیر بھی لگا دیے گئے ہیں، جس کے باعث گزرگاہ تقریباً بند ہو چکی ہے۔ مقامی مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب جامع مسجد مدنی واقع ہے جبکہ دوسری جانب بچوں کا اسکول موجود ہے، جس کی وجہ سے نمازیوں اور طلبہ کو آمدورفت میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔


اہلِ محلہ کے مطابق گوبر کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن اور مچھروں کی بہتات نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، جس سے علاقہ مکینوں کی صحت کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔


انتظامیہ جامع مسجد مدنی اور اہلیانِ محلہ اسلام پورہ نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گوجرہ اور انچارج پیرا فورس گوجرہ سے فوری نوٹس لینے اور بازار سے تجاوزات ختم کروا کر راستہ بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔


اہلِ علاقہ نے میڈیا نمائندگان سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ ان کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں کردار ادا کریں تاکہ نمازیوں اور اسکول جانے والے بچوں کو درپیش مشکلات کا جلد ازالہ ممکن ہو سکے۔

اشتہار