گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر کی زیرِ صدارت ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی آفس گوجرہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) گوجرہ، انجمنِ تاجران گوجرہ اور ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے، امن و امان کی مجموعی صورتحال اور ٹرانسپورٹ سے متعلق درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈی ایس پی گوجرہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کے باہمی تعاون سے ہی شہری مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے اور گوجرہ کو ایک منظم، محفوظ اور مثالی شہر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
