ٹوبہ ٹیک سنگھ: ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ٹی ایچ کیو ہسپتال کمالیہ میں مریضوں کو جدید اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ معروف ڈونر ادارے کچن ٹائمز فوڈ کی جانب سے ہسپتال کو جدید وین ڈیٹیکٹر مشین عطیہ کی گئی ہے، جو بالخصوص بچوں اور ایمرجنسی مریضوں کے علاج میں مؤثر ثابت ہوگی۔
ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عارف عدیل کے مطابق جدید وین ڈیٹیکٹر مشین اُن مریضوں میں جہاں رگ تلاش کرنا مشکل ہو، فوری طور پر وین کی نشاندہی کرتی ہے، جس سے انجیکشن لگانے، کینولا ڈالنے اور بلڈ سیمپل لینے کا عمل نہ صرف تیز بلکہ محفوظ اور کم تکلیف دہ ہو جاتا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ جدید سہولت خاص طور پر بچوں، موٹے افراد، کم بلڈ پریشر اور ڈی ہائیڈریشن کے شکار مریضوں کے علاج میں خصوصی مدد فراہم کرے گی، جس سے مجموعی طور پر مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
دریں اثناء شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے ایم ایس سول ہسپتال گوجرہ رانا وسیم حیات سے اپیل کی گئی ہے کہ مریضوں کی سہولت کے پیش نظر سول ہسپتال گوجرہ میں بھی جدید وین ڈیٹیکٹر مشین فراہم کی جائے تاکہ وہاں آنے والے مریض بھی اس جدید طبی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
