گوجرہ ، انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا ٹرانسفارمر چوری، کروڑوں کی آسٹرو ٹرف کو نقصان کا خدشہ

 

Gojra, Transformer theft of International Hockey Stadium, fear of damage to Astro Turf worth crores

گوجرہ : گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم، جس کی تعمیر پر تقریباً 50 کروڑ روپے لاگت آئی، بنیادی سہولیات سے محروم ہو گیا ہے۔ اسٹیڈیم کا ٹرانسفارمر ڈیڑھ ماہ قبل چوری ہو چکا ہے جس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔


ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ٹرانسفارمر کی بحالی کے لیے ڈیمانڈ نوٹس پنجاب اسپورٹس بورڈ کو ارسال کیا جا چکا ہے، تاہم تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔


ٹرانسفارمر کی عدم دستیابی کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہے، جس سے اسٹیڈیم کی مہنگی آسٹرو ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مناسب آبپاشی نہ ہونے کی صورت میں ٹرف کی کارکردگی اور معیار متاثر ہو سکتا ہے۔


ادھر ٹی ایم اے گوجرہ محدود وسائل کے تحت پانی کی فراہمی یقینی بنا کر گراؤنڈ میں جزوی طور پر کھیل جاری رکھے ہوئے ہے، مگر کھلاڑیوں اور شائقینِ ہاکی کو مکمل بحالی کا انتظار ہے۔


شہری حلقوں نے حکومت پنجاب، منسٹر سپورٹس پنجاب، سیکرٹری سپورٹس پنجاب اور ڈی جی سپورٹس پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے ٹرانسفارمر کی تنصیب یقینی بنائی جائے تاکہ گوجرہ میں قومی کھیل ہاکی کی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو سکیں اور انٹرنیشنل سطح کے میچز کا انعقاد دوبارہ ممکن بنایا جا سکے۔

اشتہار