اخوت فاؤنڈیشن فیصل آباد کی جانب سے مقامی مارکی میں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہر کی معروف سماجی، کاروباری اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔
تقریب میں خصوصی شرکت کرنے والے رکنِ قومی اسمبلی اُسامہ حمزہ نے اپنے خطاب میں اخوت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بلا سود قرضوں اور سماجی فلاح کے منصوبوں کے ذریعے ملک بھر میں امید کی کرن روشن کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مستحق طبقات کی معاونت دراصل ریاستی و سماجی استحکام کی بنیاد ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر امجد ثاقب کے جذبۂ خدمتِ خلق کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں اخوت فاؤنڈیشن نے ایثار، بھائی چارے اور خود انحصاری کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے اخوت فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
