گوجرہ: وزیراعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz Sharif کی خصوصی ہدایت پر جاری فلاحی منصوبے ”مریم کے مہمان رمضان نگہبان دسترخوان“ کے تحت انتظامات کا فیلڈ جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا اور قائم دسترخوانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں اس وقت ”مریم کے مہمان رمضان نگہبان دسترخوان“ کے تحت 8 دسترخوان فعال ہیں جبکہ ہر تحصیل میں دو، دو دسترخوان قائم کیے گئے ہیں۔ تحصیل گوجرہ میں ایک دسترخوان میونسپل کمیٹی جبکہ دوسرا ایک نجی مارکیٹ میں قائم کیا گیا ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر روزہ داروں کو افطار فراہم کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی یاسر شاہ بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے افطار دسترخوانوں پر صفائی ستھرائی، بیٹھنے کے انتظامات اور فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر نے شہریوں کے ساتھ بیٹھ کر افطاری بھی کی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ مستحق اور نادار افراد کو باعزت اور معیاری افطار کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ مستحق افراد کو باوقار انداز میں افطار فراہم کی جا سکے۔
