ٹوبہ ٹیک سنگھ : ٹوبہ رجانہ روڈ پر ناگرہ گاؤں کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں مسافر بس اور لوڈر رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لوڈر رکشہ پر بیل لوڈ تھا جو سامنے سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گیا۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار دو افراد جانبر نہ ہو سکے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت شیروز اکبر ولد اکبر (عمر 25 سال) سکنہ چک نمبر 284 گ ب اور محمد شبیر ولد رحمت علی (عمر 65 سال) سکنہ چک نمبر 336 گ ب سرابہ کے نام سے ہوئی ہے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی کے بعد نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹوبہ رجانہ روڈ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔
