گوجرہ، نمازِ جنازہ کے دوران جیب تراش گرفتار، متعدد موبائل برآمد

 

Gojra, Pickpocket arrested during funeral prayers, several mobile phones recovered in timely action

گوجرہ:  قبرستان کبوتراں والا میں نمازِ جنازہ کے دوران جیب تراشی کی واردات کرنے والا ملزم شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ واقعے کے دوران معروف نعت خواں محمد سلطان کی دانشمندی اور جرات مندی سے چوری شدہ موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔


تفصیلات کے مطابق مقامی تاجر اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت گلزار پہلوان کی نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی تھی کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کی جیبوں سے موبائل فون نکالنا شروع کر دیے۔ ابتدائی طور پر تین شہریوں کے موبائل فون چوری ہو چکے تھے۔


عینی شاہدین کے مطابق ملزم کو اس وقت قابو کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ایک شہری، الیاس، کی جیب سے موبائل فون نکال رہا تھا۔ اسی موقع پر موجود معروف نعت خواں محمد سلطان نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ملزم کو پکڑنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد دیگر شہری بھی موقع پر جمع ہو گئے۔


ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم زیرِ حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید موبائل فون بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔


واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ملزم کو قابو میں رکھ کر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔


اشتہار