ٹوبہ ٹیک سنگھ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح اور محفوظ مستقبل کے ویژن کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک بڑے ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عمر میلہ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع کی پہلی زیرِ زمین واٹر سٹوریج سکیم کے کام کا افتتاح کرتے ہوئے اقبال پارک میں جدید واٹر سٹوریج ٹینک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر ایم ڈی واسا سلمان شجاع نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے ڈیزائن، استعداد اور بارشی پانی کو جمع کرنے کے جدید طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والا بارشی پانی جدید ڈرینج سسٹم کے ذریعے زیرِ زمین ٹینک میں منتقل کیا جائے گا۔
ایم ڈی واسا سلمان شجاع نے کہا کہ ٹینک کی تعمیر سے نہ صرف واٹر ٹیبل بہتر ہوگا بلکہ اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی مستقل بنیادوں پر کم ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سٹور کیا گیا پانی فلٹریشن کے بعد زمین کو ری چارج کرنے اور پارکوں میں باغبانی سمیت دیگر مفید مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمر میلہ نے کہا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچا کر زیرِ زمین محفوظ کرنا ہے تاکہ پانی کی گرتی ہوئی سطح کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ہارویسٹنگ سکیم ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی اور مستقبل میں پانی کے بحران سے نمٹنے میں مدد دے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واٹر سٹوریج ٹینک کی تعمیر میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی قدرت کا انمول عطیہ ہے اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے شہر میں ماحولیاتی بہتری، زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ اور بارشی پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ ملے گا، جس سے شہریوں کو طویل المدتی فوائد حاصل ہوں گے۔
