گوجرہ ، اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت رمضان المبارک کے حوالے سے اہم اجلاس

 

Gojra, Assistant Commissioner chairs important meeting

گوجرہ: رمضان المبارک کے پیشِ نظر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر کی زیر صدارت ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی آفس گوجرہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی گوجرہ، انجمنِ تاجران گوجرہ کے نمائندگان، پیس کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔


اجلاس کا مقصد ماہِ رمضان کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا، اشیائے ضروریہ کی مناسب فراہمی اور قیمتوں پر کنٹرول، بازاروں میں نظم و ضبط، ٹریفک مینجمنٹ اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔


اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے کہا کہ رمضان المبارک باہمی تعاون، برداشت اور نظم و ضبط کا تقاضا کرتا ہے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے عوامی سہولت کو اولین ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Gojra, Assistant Commissioner chairs important meeting


ڈی ایس پی گوجرہ نے اجلاس کو رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ انجمنِ تاجران اور مذہبی رہنماؤں نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف مؤثر اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اشتہار