گوجرہ: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور ملزمان کے درمیان ہونے والے ایک مبینہ مقابلے میں اغواء برائے تاوان اور 9 سالہ بچے کے قتل کا مرکزی ملزم ہلاک ہو گیا، جس سے ایک سنگین مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقابلہ گوجرہ کے نواحی علاقہ 364 ج ب میں اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی ٹیم ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ تین نامعلوم ملزمان نے سی سی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
مقابلے کے دوران اغواء اور قتل کے مقدمے کا مرکزی ملزم ذوالقرنین ضیاء مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم نے اپنے ایک ساتھی کی مدد سے 9 سالہ بچے ابوبکر کو اغواء کرنے کے بعد بے دردی سے قتل کیا تھا اور لاش کو نامعلوم مقام پر دفنا دیا گیا تھا۔ دورانِ تفتیش ملزم کی جانب سے اعترافِ جرم بھی سامنے آیا تھا۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
