گوجرہ: تھانہ صدر گوجرہ کے علاقہ چک 351 ج ب میں کمسن بچے کی لاش برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او فضل عباس موقع پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شواہد کا جائزہ لیا اور تفتیشی عمل کا خود معائنہ کیا۔ ڈی پی او نے جاں بحق ہونے والے بچے عیسیٰ سلطان کے والدین سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی پی او ٹوبہ نے واقعہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ یہ ٹیم ڈی ایس پی گوجرہ اور ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ کی سربراہی میں کام کر رہی ہے اور مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی پی او فضل عباس کا کہنا تھا کہ بچوں کے خلاف جرائم انتہائی سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں اور ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور واقعہ میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعہ سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
%20Facebook.png)