شہری کی رپوٹ کے مطابق : چک نمبر 278 ج ب پنیسرہ روڈ دھرم کوٹ میں سیوریج کے باقاعدہ نظام کی عدم موجودگی کے باعث صورتحال تشویشناک اختیار کر گئی ہے۔ علاقے کے متعدد خالی پلاٹس گندے پانی سے بھر کر خطرناک تالابوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں، جس سے تعفن پھیل رہا ہے اور مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ان گندے تالابوں کے بالکل قریب واقع گورنمنٹ ہائی اسکول چک 278 ج ب کے طلبہ کی سلامتی پر خدشات بڑھ گئے۔ اسکول میں روزانہ سینکڑوں بچے آتے جاتے ہیں اور اہلِ علاقہ کے مطابق کسی بھی وقت پھسل کر تالاب میں گرنے یا کسی بڑے حادثے کا اندیشہ موجود ہے۔ والدین اپنے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے متعلقہ محکموں کو متعدد بار آگاہ کیا گیا اور شواہد بھی فراہم کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موقع کا دورہ کر کے خود مدد کے تحت سیوریج لائن ڈالنے کا مشورہ دیا تھا۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کام کا آغاز بھی کیا، تاہم تکنیکی اور زمینی رکاوٹوں کے باعث منصوبہ مکمل نہ ہو سکا، جس کے نتیجے میں مسئلہ مزید شدت اختیار کر گیا۔
اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا مستقل حل صرف باقاعدہ سرکاری سیوریج اسکیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے قبل ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ معصوم بچوں اور شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

